بھٹکل:26؍جنوری(ایس اؤ نیوز)تعلقہ انتظامیہ، تعلقہ پنچایت ، بھٹکل میونسپالٹی اور پٹن پنچایت جالی کے اشتراک سے نوائط کالونی میں واقع تعلقہ کھیل میدان میں26جنوری بروز اتوار کو 71واں یومِ جمہوریہ کا جشن بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ساجد ملا کی پرچم کشائی کے ذریعے دھوم دھام سے منایاگیا ۔
پرچم لہرانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نےکہاکہ یوم ِ جمہوریہ صرف ایک جشن نہیں ہے بلکہ قومی تہوار ہے ، انگریزوں سے آزادی حاصل کرنے کے بعد 26جنوری 1950کو ملک کو جمہوری نظام کے تحت مستحکم بخشنے کے لئے بھارتی دستور کو نافذ کیاگیاہے۔ پوری دنیا میں گوناں گوں خصوصیات کا حامل بھارت کا دستور اپنی ایک خاص پہچان اور شان رکھتاہے۔ دستور کی وجہ سے ہی ملک کے شہری اصل راجا ہیں۔ انہوں نے ملک کی ترقی میں ہر ایک شہری کو شامل ہونےکی اپیل کی۔
پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے رکن اسمبلی سنیل نائک نے کہاکہ قومی تہوارصرف ایک دن تک محدود نہ ہوں، بلکہ اس تعلق سے ہمیں مسلسل غور و فکر کرتےہوئے ملک کے آزادی اور دستور کی جانکاری اپنی نئی نسل تک پہنچانے کی طرف توجہ دیں۔
پروگرام سے قبل بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ساجد ملانے پرچم کشائی کے بعد سلامی لی۔ پروگرام میں مختلف میدانوں میں خدمات انجام دینے والی شخصیات ،سرکاری محکمہ جات کا عملہ اور کھیل کے میدان میں بہترین مظاہرہ کرنے والوں کی تہنیت کرتےہوئے عزت افزائی کی گئی ۔ پروگرام میں محکمہ پولس کے افسران اور عملہ ،این سی سی ،اسکاؤٹس سمیت کالج اور اسکولوں کے طلبا کی طرف سے مارچ پاسٹ کیا گیا اس موقع پر طلبا و طالبات کی طرف سے ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے۔ ڈائس پر تحصیلدار وی پی کوٹرولی، آر ایف اؤ سدرشن ، تعلقہ پنچایت افسر پربھاکر چکنمنے ، بی ای او منجی، سی پی آئی پرکاش ایم ایس، بلدیہ چیف آفیسر دیوراج ، پنچایت چیف آفیسر وینو گوپال شاستری ، تعلقہ پنچایت ممبر وشنو دیواڑیگا سمیت کئی لوگ موجود تھے۔
ہمیشہ کی طرح حاضرین میں مسلمانوں کی اچھی خاصی تعداد موجود تھیں۔